Menu

Fatawaa

تعويذ كی شرعی حیثیت
فتوٰی نمبر:3464

Apr 27 2019

سوال: کیا تعویذ پہننا شریعت میں جائز ہے؟

الجواب باسم ملھم الصواب
أحمدہ و اصلی علی رسولہ الکریم ،اما بعد:

احادیث مبارکہ میں مطلقاتعویذ کی ممانعت نہیں بلکہ اس تعویذ کی ممانعت آتی ہے جو کہ شرکیہ الفاظ پر مشتمل ہوں چنانچہ حدیث شریف میں ہے:عَنْ عُقْبَةَ بْنِ عَامِرٍ الْجُهَنِيِّ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَقْبَلَ إِلَيْهِ رَهْطٌ فَبَايَعَ تِسْعَةً وَأَمْسَكَ عَنْ وَاحِدٍ فَقَالُوا يَا رَسُولَ اللَّهِ بَايَعْتَ تِسْعَةً وَتَرَكْتَ هَذَا قَالَ إِنَّ عَلَيْهِ تَمِيمَةً فَأَدْخَلَ يَدَهُ فَقَطَعَهَا فَبَايَعَهُ وَقَالَ مَنْ عَلَّقَ تَمِيمَةً فَقَدْ أَشْرَكَ (مسند أحمد، مسند الشامیین، حديث عقبة بن عامر الجهني....) 
ترجمہ: ’’حضرت عقبہ بن عامرؓ  سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبیﷺ کی خدمت میں (دس آدمیوں کا) ایک وفد حاضر ہوا، نبی ﷺ نے ان میں سے نو آدمیوں کو بیعت کرلیا اور ایک سے ہاتھ روک لیا، انہوں نے پوچھا یا رسول اللہﷺ! آپ نے نو کو بیعت کرلیا اور اس شخص کو چھوڑ دیا؟ نبیﷺ نے فرمایا اس نے تعویذ پہن رکھا ہے، یہ سن کر اس نے گریبان میں ہاتھ ڈال کر اس تعویذ کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا اور نبی ﷺ نے اس سے بھی بیعت لے لی اور فرمایا جو شخص تعویذ لٹکاتا ہے وہ شرک کرتا ہے۔ ‘‘
ایک اور حدیث شریف میں آتا ہے:عَنْ عَوْفِ بْنِ مَالِكٍ الْأَشْجَعِيِّ قَالَ كُنَّا نَرْقِي فِي الْجَاهِلِيَّةِ فَقُلْنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ كَيْفَ تَرَى فِي ذَلِكَ فَقَالَ اعْرِضُوا عَلَيَّ رُقَاكُمْ لَا بَأْسَ بِالرُّقَى مَا لَمْ يَكُنْ فِيهِ شِرْكٌ (مسلم، کتاب السلام، باب لا بأس بالرقى ما لم يكن فيه شرك)
 ترجمہ: ’’حضرت عوف بن مالک اشجعی سے روایت ہے کہ ہم جاہلیت میں دم کیا کرتے تھے، ہم نے عرض کیا اے اللہ کے رسول اللہﷺ آپ اس بارے میں کیا ارشاد فرماتے ہیں۔ آپﷺ نے فرمایا تم کلمات دم میرے سامنے پیش کرو اور ایسے دم میں کوئی حرج نہیں جس میں شرک نہ ہو۔‘‘
لہٰذا تعویذ کا استعمال تین شرائط کے ساتھ جائز ہے:
1۔ تعویذ جائز مقصد کے لیے ہو، ناجائز مقصد کے لیے نہ ہو۔
2۔ اس کے الفاظ کفرو شرک پر مشتمل نہ ہوں اور اگر ایسے الفاظ پر مشتمل ہوں جن کا مفہوم معلوم نہیں تو وہ بھی ناجائز ہے۔ بلکہ اسے آیات قرآنی اور ادعیۂ ماثورہ پر مشتمل ہونا چاہیے۔ (1)
3۔ ان کو مؤثر بالذات نہ سمجھاجائے۔(2) یہ بات ملحوظ رہے کہ ہر چیز میں مؤثر حقیقی اللہ رب العزت کی ذات ہے تعویذ لٹکاکر بس اس پر اعتماد کرکے بیٹھ جانا اور نماز و دیگر عبادات کو چھوڑدینا درست نہیں۔

واللہ اعلم بالصواب

(1). إنما تكره العوذة إذا كانت بغير لسان العرب، ولا يدرى ما هو ولعله يدخله سحر أو كفر أو غير ذلك، وأما ما كان من القرآن أو شيء من الدعوات فلا بأس به  (ردالمحتار، کتاب الحظر والإباحة، فصل في اللبس)
(2). أجمع العلماء على جواز الرقي عند اجتماع ثلاثة شروط أن يكون بكلام الله تعالى أو بأسمائه وصفاته وباللسان العربي أو بما يعرف معناه من غيره وأن يعتقد أن الرقية لا تؤثر بذاتها بل بذات الله تعالى (فتح الباری، کتاب الطب، باب الرقی)