بچوں کے لیے جنسی تعلیم یا "علِم فقہ" کی تعلیم ۔۔۔۔۔۔۔۔فیصلہ آپ کا۔
محمد عثمان خان
آج کل سانحٔہ قصور کا پورے پاکستان بلکہ بیرونِ پاکستان بھی خوب چرچا ہے۔ بلاشبہ مرحومہ زینب اور اس کے اہلِ خانہ پر جو کچھ بیتی اُس کی جتنی مذمّت کی جائے کم ہےلیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اب اس سانحے کا غیر جذباتی انداز سے تجزیہ کیا جائے اور اس واقعے کے پسِ پردہ حقائق پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔
ہمارے ملک کا تعلیمی نصاب کافی عرصے سے مذہبی اور سیکولر حضرات کے مابین متنازع رہا ہے۔ کبھی "دینی تعلیمات" کے اخراج پر دینی طبقات سراپا احتجاج رہے تو کبھی "دینی تعلیمات" کے اندراج پر سیکولر طبقات موم بتیاں روشن کیے ماتم کرتے نظر آئے۔ بہرحال یہ کشاکش دونوں طبقات میں جاری رہی۔ بعض حضرات کے مطابق سیکولر اور دین بیزار حضرات نے "سانحۂ قصور" کو اپنے حق میں کیش کرانا چاہا اور ذرائع ابلاغ (خصوصیت کے ساتھ میڈیا اور سوشل میڈیا کہ جن پر ان کی حکمرانی ہے) کے ذریعے اس واقعے کو دُنیا بھر میں بھر پور انداز سے عام کردیا۔ حالانکہ اس سے قبل دیگر کئی شہروں میں بلکہ خود قصور میں اس سے زیادہ گھناؤنے واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں لیکن اس واقعے کو آڑ بنا کر نصاب میں" جنسی تعلیم" کی شمولیت کی راہ ہموار کرنے کی بھرپور کوشش کرنا مذکورہ بالا حضرات کی رائے کو صحیح ثابت کر رہا ہے۔
سیکولر حضرات کی جانب سے اس واقعے پر یہ تاثر بڑی شدت کے ساتھ پھیلایا گیا کہ اس قسم کے واقعات کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے بچوں کو صحیح انداز میں جنسی معلومات نہیں فراہم کیں، جس کی وجہ سے وہ ان درندہ صفت افراد کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں۔ حالانکہ اگر ہمارے ملک کے یہ "سادہ لوح حضرات" مغرب کے ان ممالک کا حال دیکھ لیں جنہوں نے اپنے تعلیمی نصاب کے ذریعے معصوم بچوں کو "وافر" مقدار میں جنسی معلومات فراہم کی ہیں تو وہ لرز جائیں۔ ان ممالک میں اس اقدام سے بچوں سے بد سلوکی کے واقعات رُکنے کے بجائے وبا کی صورت میں پھیل گئے ہیں۔ بلکہ بچے تو درکنار بزرگ حضرات و خواتین بد سلوکیوں سے محفوظ نہ رہ سکے(اس کی لرزہ خیز تفصیل آپ انٹر نیٹ پر دیکھ سکتے ہیں)۔بچوں کو قبل از وقت اور غیر مناسب و غیر فطری انداز سے جنسی تعلیم دینے کے بہت بھیانک اثرات سامنے آئے ہیں۔ معصوم بچوں کے ننھے ذہن اس غلاظت سے تباہ ہوگئے ۔ان کی معصومیت ختم ہو گئی جسے مغرب کا بڑا فلسفی ,Neil Postman Death of Innocence’’''سے تعبیر کرتا ہے۔ مغرب میں بچے وقت سے قبل بالغ ہونے لگے اور پھر وہ نہایت چھوٹی عمر ہی سے جنسی جرائم میں ملوّث ہوگئے۔ یہ معاملہ اس حد تک بڑھا کہ ان بچوں کو قانونی شکنجے سے بچانے کے لیے مغرب میں بعض ممالک نے Age of Consent (ایسی عمر جس میں انسان کو جنسی تعلق قائم کرنے کی قانونی اجازت حاصل ہوتی ہے، یاد رہے کہ اس کے لیے شادی کا ہونا کوئی مسئلہ نہیں ہے) کی حد کو مسلسل کم کرنا شروع کر دیا یہاں تک کہ بعض ممالک میں یہ حد ۱۰ اور ۱۱ سال تک کر دی گئی(یاد رہے کہ ان لوگوں کے نزدیک اٹھارہ سال سے کم عمر میں نکاح کرنا تو نا قابلِ معافی جرم ہے مگر چھوٹی عمر میں زنا کرنا آزادی کا اظہار ہے)۔قارئین یہاں ذرا رُک کر سوچیں کہ جس معاشرے میں دس سال کا معصوم بچہ آزادانہ جنسی تعلق قائم کرے گا اُس معاشرے کا کیا حال ہوگا۔ افسوس، ہمارا دین بیزار طبقہ اِس جانب غور نہیں کرتا یا پھر مسئلہ یہ ہے کہ وہ اس قسم کی جنسی آزادی اپنے اور ہمارے بچوں کے لیے بھی چاہتے ہیں۔
جہاں تک بچوں کو جنسی معاملات کی تعلیم دینے کا سوال ہے تو اس میں تو کوئی شک نہیں کہ ہمارے پیارے نبیﷺ نے ہمیں زندگی کے ہر گوشے میں رہنمائی عطا فرمائی ہے اور دین کے بنیادی علم کو فرض عین قرار دیا ہے۔ اعتراض یہ ہے کہ یہ تعلیم بچوں کو کس طرح دی جائے؟ تو اس مسئلے کا حل " علِم فقہ" ہے۔ فقہ ہی وہ علم ہے جس کے ذریعے پاکیزگی اور با حیا انداز سے ہمارے اسلاف اپنی اگلی نسلوں میں دین کی یہ تعلیمات منتقل کرتے آئے ہیں۔ فقہ چونکہ قرآن و حدیث کا نچوڑ ہے لہذا اس کی اپنی روحانیت ہے اور جنسی تعلیمات انتہائی با وقار اور با حیا انداز سے بچوں میں منتقل کی جا سکتی ہیں۔ جبکہ اس کے بر عکس سائنسی انداز میں جدید اداروں میں بے دین لوگوں کے ذریعے اس تعلیم کو دینے سے بچوں کے اذہان و قلوب آلودہ ہو جاتے ہیں اور کئی طرح کی خباثتیں اس کے ساتھ آتی ہیں۔
ہمارے فقہائے کرامؒ نے اپنی زندگیاں کھپا کر قرآن و حدیث کو بنیاد بنا کر جو "علمِ فقہ" مرتّب کیا اس کی نظیر تاریخِ انسانی میں ملنا مشکل ہے۔ مگر بدقسمتی سے آج ہمارے بے دین حضرات تو درکنار خود بظاہر دیندار حضرات بھی بعض اوقات اس کارنامہ ٔعظیم یعنی علِم فقہ سے بدگماں نظر آتے ہیں۔ مسئلہ ان کا نہیں بلکہ مغرب کا ہے جس نے دین کو اس کے متن یعنی قرآن و حدیث کو اس کے ظاہری معنی تک محدود کردیا ہے اور جس سلسلے سے یہ متن اپنے صحیح معنی و مفہوم سمیت ہم تک پہنچا ہے اس سلسلۃ الذہب کو ہی مشکوک بنا دیا ہے۔ یہی وہ واردات ہے جو عیسائیت کے ساتھ ہوئی اور اس کے بعد عیسائیت ختم ہوگئی۔ آج اسلام کو بھی یہی چیلنج درپیش ہے۔ اس وقت ضرورت ہے کہ اپنے اسلاف پر اعتماد بحال کیا جائے اور دینی متن کو اس تعبیر کے ساتھ مانا جائے جو نبی کریمﷺ سے ہم تک ہمارے اسلاف کے ذریعے سینہ بہ سینہ پہنچی ہے اور اس معاملے میں ہر دو قسم کی گمراہیوں یعنی ظاہریت اور عقل کی غلامی سے بچا جائے اور اسلاف کی اتباع کی جائے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر دین کی سربلندی تو دور کی بات، دین کا نام بھی باقی رہنا مشکل ہے۔ عیسائیت کی تباہی ہمارے لیے باعثِ عبرت ہے۔
مغربی فکر کے زیرِ اثر افراد کا ہمیشہ سے یہ شیوہ رہا ہے کہ وہ ایک مسئلے کو اس طریقے سے پیش کرتے ہیں جیسے یہ مسئلہ تاریخ میں پہلی بار پیدا ہوا ہے اور اس واقعہ کا وہ استخراجی انداز میں تجزیہ کر کے من مانے نتائج برآمد کر کے شور مچانا شروع کردیتے ہیں۔ سوال یہ کہ پچھلے چودہ سو سال سے بھی تو بچے بالغ ہو رہے تھے ان تک جنسی معلومات کیسے پہنچ رہی تھیں؟ اور وہ کون سا ایسا طریقہ تھا جس سے نہایت پاکیزگی کے ساتھ یہ مسائل نئی نسل تک منتقل ہو رہے تھے۔ ظاہر ہے وہ طریقہ"علمِ فقہ" تھا اب ہم نے مغربی پروپیگنڈے(Propaganda) کے ذریعے فقہ کو غیر اسلامی قرار دے کر اپنے بچوں کی زندگیوں سے فارغ کیا تو حیاء اور پاکیزگی بھی اس کے نتیجے میں ہمارے معاشرے سے رُخصت ہوگئی۔
برِّ صغیر پاک وہند میں ہمارے ہاں بچوں کی تعلیم کی ابتدا مکاتبِ دینیہ سے ہوتی تھی جہاں بچہ سب سے پہلے اپنے رب کا تعارف حاصل کرتا اور دین کے بنیادی احکام سیکھتا اور اس کے بعد مزید نقلی و عقلی علوم کی تحصیل کا اہتمام ہوتا۔ مکاتب میں ناظرہ قرآن کے ساتھ بچوں کو بنیادی دینی تعلیمات سکھانے کے لیے ایک کتاب "تعلیم الاسلام" ہمارے نصاب میں رائج رہی ہے۔ یہ کتاب مولانا مفتی کفایت اللہ دہلویؒ کی تصنیف ہے۔ اس کتاب کو اگر آج ہم اپنے بچوں کو پڑھانے کا اہتمام کر لیں تو انشاءاللہ ہمارے بچے اس بے راہ روی کے دور میں محفوظ رہیں گے۔ تعلیم الاسلام کے بعد بڑھتی عمر کے لڑکوں کو فقہ کا کوئی آسان متن جیسے "نورالایضاح" یا "مختصر القدوری " وغیرہ پڑھائی جاتی تھی جو بیک وقت بچوں کو فقہ سکھانے کے ساتھ ساتھ زبان پر مہارت حاصل کرنے کا ذریعہ تھی۔اس کی مزید معلومات مولانا مناظر احسن گیلانی ؒصاحب کی کتاب "ہندوستان کا نظامِ تعلیم و تربیت " سے لی جا سکتی ہے جو اس موضوع پر بیش قیمت کتاب ہے۔
بڑھتی عمر کی بچیوں کے لیے اس ضمن میں حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی صاحبؒ کی معرکتہ الآراء تصنیف "بہشتی زیور" بہترین کتاب تھی۔ اس کتاب کا ہر گھر میں مطالعے کا معمول ہوا کرتا تھا۔ بطورِ خاص نکاح کے موقعے پر بچیوں کویہ کتاب ہدیے میں دی جاتی تھی۔ اس کتاب کو خواتین کے دینی مسائل کا" انسائیکلوپیڈیا"کہنا بے جا نہ ہوگا۔ اس کتاب کے ذریعے ہماری خواتین دین کے عمومی اور مخصوص مسائل کا حل سیکھ لیا کرتی تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ گھرداری کے بھی بہت سے امور میں اس کتاب سے مدد لیا کرتی تھیں مگر افسوس فقہ کے ان ذخیروں کو بھی آج غیر مسنون قرار دے کر ان پر سے عوام کا اعتماد ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ دیگر مکاتب ِ فکرجیسے بریلوی حضرات جو کہ اکثریت میں بھی رہے ہیں ان حضرات نے بھی فقہ حنفی کے متون ہی اس ضمن میں پڑھائے اور ان کی شروحات وغیرہ مرتّب کیں۔ اس سلسلے میں فقہ کی عمومی تعلیم و تربیت کے لیے دیگر مکاتبِ فکر کی کچھ کتابوں کے نام جاننا مفید رہے گا۔ [بریلوی مکتبِ فکر کے لیے اسلام کی بنیادی باتیں، نیکی کی دعوت، فیضانِ سنت، بہارِ شریعتوغیرہ اور اہلِ حدیث حضرات کے لیے در البھیۃ، بلوغ المرام، فقہ الحدیث وغیرہ ]
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے تابناک ماضی کا احیاء کرتے ہوئے اپنے بچوں کو ابتدائی طور پر فقہِ اسلامی پڑھانے کا اہتمام کریں اور جو بچے اب اس عمر سے آگے بڑھ گئے ہیں ان کو فقہ کے دیگر حلقہ جات یا امامِ مسجد ہی سے کچھ وقت روزانہ فقہ کا درس دلوا دینا نہایت مفید رہے گا۔ اسی طرح بالغان کے لیے بھی علِم فقہ کا سیکھنا اور اس کے لیے روزانہ کچھ وقت نکالنا فی زمانہ دین کا اہم تقاضہ ہے۔ اگر ہم واقعتا ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یقین جانیے ہمارے معاشرے میں پھر کوئی سانحہ قصور رونما نہیں ہوگا اور ہمارے بچے پاکیزہ اور پُر سکون زندگی گذار سکیں گے ان شاءاللہ۔ آ خر میں اللہ سے دُعا ہے کہ وہ ہمیں اپنے دین کا صحیح فہم عطا فرمائے اور اس کے مطابق عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)